پنجاب میں حالیہ بارشوں کے دوران 119 افراد جاں بحق ہوئے : سیکریٹری ایمرجنسی سروسز

سیکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب رضوان نصیر کا کہنا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے باعث پنجاب میں 119 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والی حالیہ شدید بارشوں کے دوران انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت نکاسی آب کو یقینی بنایا، جب کہ بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
رضوان نصیر نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر صورت حال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو محفوظ رکھیں اور گھروں کی چھتوں کی حالت ضرور چیک کریں۔
ان کاکہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، جب کہ موسمیاتی تبدیلیاں پوری دنیا کےلیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہیں۔
بارشوں سے نقصانات فطری عوامل کا نتیجہ ہیں، حکومت ذمہ دار نہیں: مریم نواز4
سیکریٹری ایمرجنسی سروسز نے مزید کہا کہ 2005 کے زلزلے کے وقت ہمارے پاس کوئی مؤثر نظام موجود نہیں تھا اور ہمیں بیرونِ ملک سے ٹیموں کی مدد لینی پڑی تھی، تاہم آج صوبے کے تمام اضلاع میں جدید مشینری اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔
