غیرت کے نام پر قتل کا کیس: خاتون کی قبر کشائی کا حکم ، سردار شیرباز کا جسمانی ریمانڈ منظور

بلوچستان کے علاقے سنجیدی ڈیگاری میں مرد اور خاتون کے مبینہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے مقتولہ خاتون کی قبر کشائی کا حکم دے دیا ہے۔ قبر کشائی جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں کی جا رہی ہے تاکہ شواہد محفوظ کیے جا سکیں۔

دوسری جانب واقعے میں گرفتار ہونے والے سردار شیر باز خان کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ (SCIW) کے حوالے کر دیا۔

ادھر چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان کو 22 جولائی کو عدالت میں طلب کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ سنجیدی ڈیگاری میں پیش آیا تھا جہاں ایک مرد اور عورت کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آیا۔ واقعے کا مقدمہ ہنہ اوڑک تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

ابتدائی پولیس کارروائیوں کے دوران اب تک 13 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ سرچ آپریشنز اور تفتیشی عمل بدستور جاری ہے۔

 

Back to top button