ڈیجیٹل انقلاب دروازے پر دستک دے رہا ہے،احسن اقبال

وفاقی وزیراحسن اقبال کاکہنا ہے کہ ڈیجیٹل انقلاب آپ کے دروازے پر دستک دے رہا ہے، ہم نے اس کے تحت دنیا کے ساتھ قدم ملانا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے 5 جی ٹیکنالوجی پر ریگولیٹری ماسٹرکلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے ادارے پی ٹی اے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہونا خوش آئند ہے۔ملائیشیا اور پاکستان کا تعاون ٹیکنالوجی میں جدت کا باعث بنے گا اور دونوں ملکوں کی معیشت میں بہتری لائے گا۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ یہ ایم او یو مختلف اداروں کے لیے نئی راہیں کھولے گا، اس حوالے سے پاکستان ڈیجیٹل پالیسی لانچ کی گئی ہے جس کے تناظر میں ترقی مزید آسان ہوگی۔

احسن اقبال نے کہا کہ اب ہم کسی بھی موقعے کو کھونے کے متحمل نہیں ہو سکتے، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی پاکستان میں ترقی کے اولین محرکات میں سے ایک ہے، پاکستان کو صنعتی انقلاب 4.0 اور 5.0 کے لیے تیار کرنے کے لیے ہم نے بگ ڈیٹا اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ، GIS اور خلائی ٹیکنالوجی کے لیے قومی مراکز قائم کیے ہیں۔

احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ 2035 تک ہم1 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جائیں گے، اس کے لیے فائیوجی فارمولے کے تحت اڑان پاکستان کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ملک کے کونے کونے میں ہو،اے آئی کے تحت اب ترقی سوچ سے کہیں زیادہ تیزی سے ممکن ہے،ہمارا ہدف ہے کہ پاکستان کا کوئی نوجوان اس تیز رفتار ترقی سے محروم نہ رہے بلکہ بہتر انداز میں اس کا حصہ بنے۔

Back to top button