ورلڈ بینک کی 40ارب ڈالرکی سرمایہ کاری،وزیراعظم کااظہارتشکر

وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ بینک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز کے وفد نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے وفد کی  پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عالمی بینک اور پاکستان کی شراکت داری گزشتہ 7دہائیوں ہر محیط ہے۔ عالمی بینک کے تعاون سے پاکستان میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے متعدد بڑے منصوبے بنے، جنہوں نے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

شہبازشریف نےکہا کہ پاکستان نے عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری سے استفادہ کیا ہے۔عالمی بینک نے 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان میں متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کی۔ عالمی بینک کے حالیہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، جو خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 20 ارب ڈالر سے پاکستان میں صحت، تعلیم، ترقیِ نواجوانان اور دیگر سماجی شعبوں میں مختلف منصوبوں سے ترقی کا نیا باب کھلے گا۔ آئی ایف سی کے تحت پاکستان کے نجی شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کا پہیہ تیزی سے گھومے گا۔ ہم عالمی بینک کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کے شکر گزار ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ادارہ جاتی و معاشی اصلاحات کا پروگرام تیزی سے جاری ہے۔ ملک کی معیشت صحیح سمت  اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئےابھی مزید سفر طےکرناہے۔معیشت کی بہتری کا سہرا ٹیم کی کوششوں کو جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی برآمدات، ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شرح سود کم ہونے سے پیدواری شعبے میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ کرپشن کو کنٹرول کرنے کے لیے نظام میں شفافیت لا رہے ہیں۔ ایف بی آر کی اصلاحات میں ڈیجیٹائیزیشن  پر کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے جب کہ بجلی شعبے کی اصلاحات سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور خسارے میں کمی لا رہے ہیں۔

Back to top button