پھیپھڑوں اور آنتوں کےکینسرپھیلنے کی اہم وجہ دریافت

ماہرین صحت کہتےہیں کہ فضا میں موجود پلاسٹک کے ننھے ذرات پھیپھڑوں اور آنتوں کے کینسرپھیلنے کی اہم وجہ بن رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کینسر کو دنیا میں اموات کی وجہ بننے والا دوسرا بڑا مرض خیال کیا جاتا ہے اور اس کی چند اقسام جیسے پھیپھڑوں اور آنتوں کے سرطان سب سے زیادہ ہلاکتوں کا باعث بن رہے ہیں۔پھیپھڑوں اورآنتوں کے کینسر بہت تیزی سے دنیا میں پھیل رہے ہیں خاص طور پر جوان افراد (50 سال سے کم عمر) ان سے بہت زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
اب ماہرین نے کینسر کی ان اقسام کے پھیلاؤ کی ایک اہم ممکنہ وجہ دریافت کی ہے۔ایک نئی تحقیق میں پلاسٹک کے ننھے ذرات کو پھیپھڑوں اور آنتوں کے کینسر سے منسلک کیا گیا ہے۔کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں ماضی میں ہونے والی 3 ہزار تحقیقی رپورٹس کے نتائج کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔
یہ تحقیقی کام چوہوں اور انسانوں پر ہوا تھا اوریہ جاننے کی کوشش کی گئی تھی کہ پلاسٹک کے ننھے ذرات نظام ہاضمہ، نظام تنفس اور تولیدی صحت پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں۔
اس نئی تحقیق میں تمام تحقیقی رپورٹس کے نتائج کا تجزیہ کیا گیا اور فضا میں موجود پلاسٹک کے ننھے ذرات اور متعدد امراض کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا۔
تحقیق کے مطابق فضا میں موجود پلاسٹک کے ننھے ذرات سے بانجھ پن، آنتوں کے کینسر، پھیپھڑوں کے ناقص افعال اور ورم جیسے طبی مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔
