شوہرکوطلاق مہنگی پڑگئی،بیوی کو98لاکھ دینےکاحکم

چین کی عدالت نے طلاق کے مقدمے میں شوہر کو بیوی کوگھریلو کام کرنے کے عوض98لاکھ روپےمعاوضے کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیدیا۔
وسطی چین کی ایک عدالت میں دائر مقدمے میں خاتون نے مطالبہ کیا تھا کہ شوہر کی جانب سے طلاق کے تصفیے کے تحت 50 ہزار یوآن ادا کیے جائیں۔مگر عدالت نے اپنے حکم میں شوہر کو ڈھائی لاکھ یوآن (98 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ادا کرنے کی ہدایت کی۔خاتون نے مقدمے کی درخواست میں کہا تھا کہ اس نے بیوی کے طور پر شوہر کے گھر میں جو گھریلو کام کیے اس کا معاوضہ ادا کیا جانا چاہیے۔
خاتون نے 2011 میں ایک شخص وانگ سے شادی کی تھی اور اسی سال ایک بیٹی کی پیدائش بھی ہوئی۔مگر وقت گزرنے کے ساتھ دونوں میں کافی جھگڑے ہونے لگے خاص طور پر بچی کی تعلیم کے حوالے سے کافی لڑائیاں ہوتی تھیں۔اکتوبر 2022 میں خاتون کی شوہر سے شدید لڑائی ہوئی اور اس نے صوبہ ہینان میں واقع شوہر کا گھر چھوڑ دیا اور وہ دونوں علیحدہ رہنے لگے۔
خاتون نے مطالبہ کیا تھا کہ بیٹی اس کے حوالے کی جائے جبکہ جائیداد کو دونوں میں تقسیم کیا جائے، ساتھ ہی یہ بھی مطالبہ کیا کہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک برقرار رہنے والی شادی کے دوران اس نے گھریلو کام بلامعاوضہ کیے اور شوہر اس کے عوض 50 ہزار یوآن معاوضہ ادا کرے۔