اسلام آباد میں گدھے کا گوشت فروخت ہونے کا انکشاف

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاع پر ترنول میں واقع ایک فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا، جہاں غیر ملکی شہری گدھوں کو ذبح کر کے ان کا گوشت فروخت کر رہا تھا۔
چھاپے کے دوران 60 زندہ گدھے فارم ہاؤس سے برآمد کیے گئے، جب کہ 25 من سے زائد تیار گوشت بھی قبضے میں لیا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بھی چھاپے کے دوران موقع پر موجود تھی۔
غیر ملکی ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ گوشت ممکنہ طور پر بیرونِ ملک سپلائی کیا جا رہا تھا۔
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم اس سپلائی چین کے پیچھے موجود نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ کرداروں کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔
ادھر شہری حلقے حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس مکروہ کاروبار میں ملوث تمام عناصر کو کڑی سزا دی جائے تاکہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو عبرت کا نشانہ بنایا جا سکے۔
