ذیابیطس کی علامات کونظرانداز نہ کریں،ماہرین نے خبردارکردیا

ماہرین صحت کاکہناہے کہ ذیابیطس کی علامات کونظرانداز انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتاہے۔
جدیدتحقیق کے مطابق ذیابیطس ایک ایسی حالت ہے جو وقت کے ساتھ آہستہ آہستہ نشوونما پاتی ہے جس کی علامات اکثر شروع میں واضح نہیں ہوتیں۔کچھ ابتدائی انتباہی علامات ایسی ہیں جولوگوں کو مرض پہچاننے میں مدد کرسکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ذیابیطس کی سب سے عام ابتدائی علامات میں سے ایک بار بار پیشاب آنا ہے۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ ہائی بلڈ شوگر والے افراد کو صحت مند افراد کے مقابلے میں زیادہ پیشاب آتا ہے۔ایک اور ابتدائی علامت ضرورت سے زیادہ پیاس ہے۔چونکہ جسم پیشاب کے ذریعے زیادہ سیال کھو رہا ہوتا ہے، جسم پیاس کو بڑھا کر اس نقصان کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ وزن میں کمی بھی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔اگرچہ ٹائپ 2 ذیابیطس کا تعلق عام طور پروزن میں اضافے سے ہوتا ہے لیکن کچھ لوگ اچانک وزن میں کمی کا تجربہ کرسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ذیابیطس کی علامات میں کھانے کے بعد بھی بھوک لگنا، تھکاوٹ اور کم توانائی کی سطح بھی ابتدائی انتباہی علامات ہیں۔زخموں کا سست روی سے بھرنا اور دھندلا نظر آنا ایک اور ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔ہاتھوں اور پیروں میں چُبھن یابے حسی اورجلد پرسیاہ دھبے،خاص طور پرگردن، بغلوں یا کمر کے گرد بھی ٹائپ 2 ذیابیطس کا ایک عام ابتدائی مرحلہ ہو سکتا ہے۔
