افغان پناہ گزینوں کوخاموشی سےبےدخل کرنےکاانکشاف

رجسٹرڈ شدہ افغان پناہ گزینوں کو خاموشی سے جڑواں شہروں سےبےدخل کیے جانے کا انکشاف سامنے آگیا۔آہستہ آہستہ افغانستان منتقل کرنے کا منصوبہ بھی تیار کرلیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت نے رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کو اسلام آباد اور راولپنڈی سے باہر منتقل کرنے اور آہستہ آہستہ انہیں ان کے ملک واپس بھیجنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے متعدد اجلاسوں میں اس منصوبے کو حتمی شکل دی گئی تھی، وزیراعظم آفس کے ذرائع نے تصدیق کی کہ ایک ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔منتقلی کے منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کو فوری طور پر اسلام آباد اور راولپنڈی سے باہر منتقل کیا جائے گا، اس کے بعد انہیں غیر قانونی اور غیر دستاویزی پناہ گزینوں کے ساتھ واپس افغانستان بھیج دیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق اے سی سی پاکستان میں قیام کے دوران افغانوں کو عارضی قانونی حیثیت دیتا ہے، تاہم وفاقی حکومت اس مدت کے بارے میں فیصلہ کرتی ہے کہ اے سی سی کس مدت کے لیے کارآمد رہے گا۔قانونی طور پر پاکستان میں کہیں بھی رہنے کی اجازت کے حامل پروف آف رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کو منصوبے کے دوسرے مرحلے میں وطن واپس بھیجا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں اسلام آباد اور راولپنڈی سے باہر منتقل کیا جائے گا لیکن انہیں فوری طور پر ملک بدر نہیں کیا جائے گا، کابینہ نے پی او آر رکھنے والے افغانوں کو جون تک ملک میں رہنے کی اجازت دی ہے۔پی او آر اور اے سی سی کے ساتھ پاکستان میں مقیم افغانوں کی مجموعی تعداد کا تخمینہ بالترتیب 13 لاکھ اور 7 لاکھ ہے۔
دریں اثنا، تیسرے ممالک میں آباد کاری کے منتظر افغانوں کو 31 مارچ تک اسلام آباد اور راولپنڈی سے باہر منتقل کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ سفارت خانوں اور دیگر عالمی تنظیموں کے ساتھ رابطے میں رہے گی تاکہ دوبارہ آبادکاری کے عمل کو تیز کیا جا سکے، جو افغان کسی تیسرے ملک میں آباد نہیں ہو سکے انہیں بھی واپس افغانستان بھیج دیا جائے گا۔

Back to top button