عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
عید کے موقع پر اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی جہاں سیاسی شخصیات، غیر ملکی سفیروں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے نماز پڑھی۔
راولپنڈی شہر میں بھی نمازِ عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ عیدگاہ شریف، لیاقت باغ، موہڑہ شریف اور امام بارگاہ قدیمی میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔
روشنیوں کے شہر کراچی میں سب سے بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ میں ہوا ۔
نمازعیدکےبعد ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں۔
واضح رہے کہ شوال کےچاند کی رویت اور عیدالفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے گزشتہ روز کیاتھا۔مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق ملک بھر سے چاند نظر آنےکی شہادتیں موصول ہوئیں تھیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں بوہری کمیونٹی نے گزشتہ روز سعودی عرب کے ساتھ عید الفطرمنائی جبکہ وامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ عید الفطرمنانےکااعلان کیاگیاتھا۔
دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف خلیجی ممالک میں گزشتہ روز عیدالفطر منائی گئی تھی ۔