جماعت اسلامی کی تحریک سےبجلی کی قیمت کم ہوئی،حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری تحریک ’حق دو عوام کو‘ کی کامیابی ہے جس کو اب آگے بڑھائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ’بجلی کی قیمتوں میں کمی کے وزیراعظم کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں‘۔

امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی ہماری تحریک کی کامیابی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف ہے کہ بجلی کا بل اوسط لاگت کے مطابق ہونا چاہیے، تاہم مایوسی کے دور میں نوجوانوں کے لیے پیغام ہے کہ جدوجہد کے نتائج سامنے آتے ہیں۔جو حکومت آئی پی پیز سے بات کرنے کو تیار نہ تھی اس نے نہ صرف معاہدوں پر نظر ثانی کی بلکہ فی یونٹ قیمتوں میں کمی کا اعلان بھی کیا، ’حق دو عوام کو‘ تحریک آگے بڑھائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج بجلی کے گھریلو صارفین کے لیے قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا، جس کے بعد تمام گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 38 روپے 37 پیسے فی یونٹ ہوگیا۔

Back to top button