گیارہواں این ایف سی اجلاس کل طلب

وفاقی وزارت خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ گیارہویں قومی مالیاتی کمیشن کا اجلاس کل منعقد ہوگا ۔

قومی مالیاتی کمیشن کےاجلاس کے لیے باضابطہ ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اس اہم اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کریں گے۔

اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے خزانہ کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے نامزد اراکین بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس کا پہلا حصہ وفاق کی مالی صورتحال پر بریفنگ سے شروع ہو گا، جو وفاقی سیکریٹری خزانہ پیش کریں گے۔ ایجنڈے کے مطابق وفاقی وزارتِ خزانہ اپنی معاشی حیثیت سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔

این ایف سی کے لیے طے کیے گئے نکات میں یہ بھی شامل ہے کہ صوبوں کو اپنی مالی پوزیشن پر الگ الگ 10، 10 منٹ کی بریفنگ دینے کا موقع دیا جائے گا، جس کے بعد آئندہ اجلاسوں کا شیڈول اور این ایف سی ایوارڈ کی ٹائم لائنز بھی طے کی جائیں گی۔

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہاکہ اس اجلاس میں صوبوں کے خیالات کو پورے احترام سے سنا جائے گا اور وفاق بھی اپنی مالی صورتحال کھل کر سامنے رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام فریق ’پاکستان فرسٹ‘ کے جذبے کے ساتھ گفتگو میں حصہ لیں گے۔

 

 

Back to top button