کراچی ایئر پورٹ دھماکے میں ملوث سہولت کار خاتون کو بھی گرفتار کر لیا : وزیر داخلہ سندھ

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ سگنل پر چینی انجینئرز پر خود کش حملے میں ملوث سہولت کار خاتون کو بھی گرفتار کرلیاگیا۔
کراچی میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کےہمران پریس کانفرنس کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ پر حملے میں 2 چینی شہری جان بحق ہوئے، دھماکےکی جگہ سے ایک گاڑی کاچیچس اور نمبر پلیٹ ملی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نےکہا کہ ایئر پورٹ دھماکے کی ذمہ داری کالعدم بی ایل اے نے قبول کی تھی،پولیس اور سکیورٹی اداروں نے خودکش حملے کی تفتیش کی،حملے میں استعمال ہونےوالی گاڑی اور رکشہ مالکان سے متعلق تفتیش کی گئی،خودکش بمبار اور دو سہولت کاروں کی سی سی ٹی وی سے پہچان ہوئی۔
ضیا لنجار نےکہاکہ ٹیرر فنانسنگ میں ملوث افراد کا بھی پتالگایا گیا،کراچی سے خریدی گئی گاڑی کو حملے کےلیے تیار کیاگیا،حملے میں ملوث سہولت کار خاتون کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ان کاکہنا تھاکہ خواتین کی ہم عزت کرتےہیں، بی ایل اے انہیں استعمال کر کے گھٹیا حرکتیں کر رہی ہے،ہم ایک ایسی ثقافت رکھتےہیں جس میں خواتین کی بہت عزت کی جاتی ہے
انہوں نےکہاکہ گاڑی میں نصب بارودی مواد کا وزن 30 سے 40 کلو تھا، گاڑی کو حب یا اس سے آگے کسی علاقے میں لےجایا گیا، 4 اکتوبر 2024 کو یہ گاڑی حب سے کراچی لائی گئی۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھاکہ جاوید نامی شخص تمام معاملات ہینڈل کرتا رہا،اسی نے ریکی کی تھی،دھماکے سے قبل حملہ آور باہر والےایریا میں تھے،رات 11 بج کر 2 منٹ پر خودکش حملہ کیاگیا۔
خودکش بمبار کی شناخت اس کےہاتھ سے ہوئی،خودکش بمبار کا نام شاہ فہد عرف آفتاب تھا،دھماکےکی جگہ سے گاڑی کے چیچس اور نمبر پلیٹ ملی تھی،گاڑی ایک شوروم سے 71 لاکھ روپےمیں خریدی گئی،گاڑی کےلیے پیسے بینک ک ذریعے ٹرانسفر ہوئےتھے۔
ضیا لنجار نےکہا کہ مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ گاڑی کے ساتھ ایک رکشہ بھی تھا، رکشےوالے کا نام فرحان اور اس کے ساتھ محمد شریف نامی شخص تھا، وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ بہت سے حساس معاملات ہیں،مزید تحقیقات کر رہے ہیں،بیرونی سازشوں پر نظرہے۔
انہوں نےکہا کہ اس کیس پر کام کرنےوالی ٹیم سی ٹی ڈی ٹیم کےلیے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں،ان کےلیے انعام کی سفارش کر دی،افسران کےلیے قائد اعظم میڈل اور پاکستان پولیس میڈل کی سفارشات ارسال کر دی ہیں۔
ان کاکہنا تھاکہ سائٹ ایریا میں جو واقعہ ہوا اس پر تحقیقات جاری ہیں، ابھی اس حوالے سے کچھ کہنا انوسٹیگیشن متاثر کرنے کے مترداف ہے،ادارے متحرک ہیں، کوئی واقعہ اگر ہو جاتا ہے تو ادارے فوری رسپانس کر رہے ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ گرفتار
وزیر داخلہ سندھ نےکہاکہ تمام کالعدم تنظیموں کو وارننگ دےرہا ہوں کہ اپنی کارروائیاں بند کریں، پاکستان کو کمزور کرنے کےلیے جو سازشیں ہو رہی ہیں،ان پر ہماری کڑی نظر ہے۔
