چیئرمین ایف بی آرچینی کی درآمدپرٹیکس چھوٹ دینےپرپی اے سی میں طلب

قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے چینی کی درآمد پر دی گئی ٹیکس چھوٹ پر نوٹس لیتے ہوئے آئندہ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کو طلب کر لیا ہے۔

کمیٹی کا اجلاس پاکستان تحریک انصاف کے رکن جنید اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں چینی کی درآمد اور برآمد سے متعلق پالیسی اور اس کے اثرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلے چینی برآمد کر کے فائدہ اٹھایا جاتا ہے، جس سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں، پھر قلت کا بہانہ بنا کر درآمد کی جاتی ہے، یہ دہائیوں سے جاری کھیل ہے۔

رکن کمیٹی معین عامر نے کہا کہ چینی کے معاملے پر بار بار اسی طرز کی صورتحال جنم لیتی ہے، اب ہمیں سخت اقدام اٹھانا ہوگا۔

ثنااللہ مستی خیل نے کہا کہ یہ سب کچھ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے، اس نظام کے ذریعے صرف مخصوص طبقات کو نوازا جا رہا ہے جبکہ غریب عوام مہنگائی تلے پس رہے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی وضاحت کے لیے آئندہ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر کو طلب کیا جائے۔

یاد رہے کہ جولائی کے آغاز میں ملک میں چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔ ادارہ شماریات کے مطابق، اسلام آباد، کراچی اور راولپنڈی میں چینی کی اوسط قیمت 184.92 روپے فی کلو رہی، جبکہ ایک سال قبل یہی قیمت 145.88 روپے فی کلو تھی۔

Back to top button