ایف آئی اے نے تجزیہ کار اوریا مقبول جان کو لاہور سے گرفتار کرلیا

ایف آئی اے نےکالم نگار اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان کو لاہور سے گرفتار کرلیا۔
سابق بیوروکریٹ اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے تصدیق کرتے ہوئےکہا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اوریا مقبول جان کو گرفتار کرلیا ہے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہناتھا کہ اوریا مقبول کوگلبرگ سائبر کرائم کےآفس میں رکھاگیا ہے، اوریا مقبول جان کو سوشل میڈیا پوسٹ کرنےپر حراست میں لیاگیا ہے۔اظہر صدیق نے بتایاکہ ہمیں ایف آئی ار کی تفصیلات نہیں بتائی جارہیں، اوریا مقبول جان کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کےسامنے پیش کیاجائے گا۔
قبل ازیں 28 جنوری 2024 کو چیف جسٹس آف پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی تشہیرپر ایف آئی اے کی جانب سے اوریا مقبول جان سمیت 47 صحافیوں اور یوٹیوبرز کونوٹس جاری کرتےہوئے طلب کیاگیا تھا۔
فیض حمید کو کیوں گرفتارکیاگیا؟رپورٹ وزیراعظم کو دیدی گئی
واضح رہے کہ وزارت داخلہ نےججز کےخلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کانوٹس لیتے ہوئے اس کی روک تھام کےلیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔یہ کمیٹی پیکا ایکٹ 2016 کےسیکشن 30 (تفتیش کے اختیار سے متعلق) کےتحت تشکیل دی گئی تھی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی سربراہی میں قائم کی گئی 6 رکنی کمیٹی میں انٹر سروسز انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیورو، اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے نمائندے اور کوئی ایک شریک رکن شامل ہیں۔
واضح رہے گزشتہ برس 13 مئی 2023 کو بھی اوریا مقبول جان کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کر انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔
