فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چین کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے سرکاری دورے کے دوران بیجنگ میں چینی سیاسی اور عسکری قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں، جن میں کثیر الجہتی تعاون، علاقائی استحکام اور پاک-چین آہنی اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دورۂ چین کے دوران چینی نائب صدر ہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال کے علاوہ سی پیک کے تحت جاری رابطہ کاری منصوبوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فریقین نے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا، جبکہ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی، خودمختاری، کثیرالجہتی تعاون، اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چینی قیادت نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا : اسد عمر
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا، پیپلز لبریشن آرمی کے پولیٹیکل کمشنر جنرل چن اور چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جن سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، اور مشترکہ تربیت و دفاعی جدید کاری پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقاتوں کے دوران ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے، ہائبرڈ اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل ہم آہنگی اور اسٹریٹیجک کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔
چینی عسکری قیادت نے پاک چین دفاعی شراکت داری پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے علاقائی امن میں کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
