عالمی خطرات میں باہمی فوجی تعاون کی اشد ضرورت ہے،فیلڈمارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے عالمی خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز کے پیش نظر باہمی فوجی تعاون ناگزیر ہو چکا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں "مضبوط ربط، محفوظ امن” کے عنوان سے ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کانفرنس میں شریک اعلیٰ عسکری حکام کو خوش آمدید کہا۔
بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں علاقائی امن، استحکام اور پاکستان کے تعمیری کردار کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیلنجز کے تناظر میں اسٹریٹجک مکالمے اور باہمی اعتماد کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک محفوظ اور خوشحال علاقائی مستقبل کے لیے پُرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں امریکا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عسکری نمائندوں نے شرکت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ کانفرنس کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا، انسداد دہشت گردی میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور علاقائی استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
اعلیٰ سطحی اجلاس میں علاقائی سلامتی کی صورتِ حال، وسطی اور جنوبی ایشیا میں تزویراتی تغیرات، مشترکہ تربیتی سرگرمیوں، انسداد دہشت گردی کے لیے تعاون، اور بحرانوں کے دوران انسانی ہمدردی پر مبنی مربوط ردعمل جیسے موضوعات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شریک وفود نے علاقائی امن، احترام، خودمختاری کے تحفظ، دہشت گردی، سائبر سیکیورٹی اور پرتشدد انتہا پسندی جیسے مشترکہ خطرات کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان کی قیادت، مہمان نوازی اور اس اہم اقدام کی تعریف کرتے ہوئے اسے دفاعی سفارت کاری کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
اس موقع پر اسٹریٹجک ہم آہنگی کو پاکستان کے اس مستقل عزم کی علامت قرار دیا گیا کہ وہ ایک ایسا مربوط، محفوظ اور باہمی تعاون پر مبنی علاقائی نظام تشکیل دینا چاہتا ہے جو اجتماعی سلامتی اور علاقائی یکجہتی کے اصولوں پر مبنی ہو۔
