ڈپٹی کمشنر کرم پر فائرنگ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے : محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کاکہنا ہےکہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنےکی سازش ہے۔

وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کےواقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کی جلد صحتیابی کےلیے دعاگو ہیں۔

سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے،شرپسند عناصر نے فائرنگ کر کے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت کی۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کا کہنا ہےکہ ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے،ڈپٹی کمشنر جاوید محسود بگن جارہے تھے،نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔

ندیم اسلم چوہدری کا کہنا ہےکہ دونوں فریقین پرامن رہیں، کوہاٹ معاہدے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے، ضلع کرم میں امن و امان خراب کرنے والوں کےخلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کے واقعے کے باعث کرم کو پہلے قافلےکی روانگی روک دی گئی

خیال رہےکہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود اور 3 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے تھے،فائرنگ سے زخمی چاروں افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہےکہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ڈی سی کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈی سی جاوید اللہ محسود پر فائرنگ کے باعث کرم جانےوالے پہلے قافلے کو روک دیاگیا ہے، صورت حال کا جائزہ لے کر قافلے کی روانگی کا فیصلہ کیا جائےگا۔

Back to top button