عمران کی رہائی کی خاطر پنکی پیرنی نے مزارات کا رخ کر لیا

اسٹیبلشمنٹ، حکومت اور ٹرمپ کی جانب سے سرخ جھنڈی دکھائے جانے کے بعد بانی پی ٹی آئی  عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے عمران خان کی رہائی کیلئے درباروں پر منتیں مرادیں مانگنا شروع کر دی ہیں۔ جہاں ایک طرف یوتھیے وفاق پر یلغار کی دھمکیاں دیتے نظر آتے ہیں وہیں دوسری جانب بشری بی بی کی پشاور کے مزارات پر حاضریوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ذرائع کا دعوی ہے کہ بشریٰ بی بی جیل سے رہائی کے بعد آرام کرنے اور میڈیکل چیک اپ کے لیے پشاور گئیں تو انہوں نے وہاں سیاسی ملاقاتوں کے علاوہ مزارات کی بھی زیارت کی۔

پشاور پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی نقل و حرکت کے حوالے سے پولیس کو آگاہ نہیں کیا جا رہا اور ان کی حفاظت کے لیے وزیرا علیٰ ہاؤس کی سیکیورٹی استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی معلومات کے مطابق بشریٰ بی بی ڈبگری گارڈن اور نواحی علاقے چغرمٹی میں واقع مزارات گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی پشاور آنے کے بعد سب سے پہلے وزیرا علیٰ ہاؤس کے قریب گنجان آباد ڈبگری گارڈن میں سید عبدالستار شاہ المعروف باچا جان پر حاضری دی تھی۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔

سید ستار شاہ باچا کے گدی نشین سید عبدالصمد شاہ باچا نے بشریٰ بی بی کی مزار آمد کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سابق خاتون اول اچانک مزار پہنچی تھیں۔

بشریٰ بی بی کی آمد پر ویڈیو بنانے پرپابندی رہی

مزار کے نگہبان میر ہاتم شاہ نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی آمد کے موقعے پر وہ مزار میں موجود تھے۔ انہوں کہا کہ وہ سخت سیکیورٹی میں آئی تھیں اور کسی کو فوٹو یا ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ ’بشریٰ بی بی تقریباً 30 منٹ تک مزار میں رہیں، دعا کی، چادر چڑھائی اور مٹھائی تقسیم کی‘۔انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے مزار میں عقیدت و احترام کا مظاہرہ کیا تاہم انہوں نے وہاں کسی سے کوئی بات کی اور نہ ہی مزار اور صاحب مزار کے بارے میں کچھ دریافت کیا۔

نگہباں مزار نے بتایا کہ بشریٰ بی بی آمد کے موقعے پر مزار میں کافی تعداد میں دیگر عقیدت مند موجود تھے تاہم جب تک وہ مزار میں رہیں مزید کسی کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ وہاں سادہ کپڑوں میں ملبوس بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار موجود تھے جو کسی کو بشریٰ بی بی کے پاس جانے، بات کرنے اور ویڈیو یا تصویر بنانے نہیں دے رہے تھے۔

بشریٰ بی بی نے حضرت سنان بن سلمہ کے مزار پرحاضری دی

پشاور کے ایک نواحی علاقے چغرمٹی میں حضرت سنان بن سلمہ کا مزار واقع ہے جو پشاور شہر سے تقریباً 30 منٹ کی دوری پر واقع ہے۔مزار سے تعلق رکھنے والی ایک شخصیت نے بتایا کہ کچھ دن پہلے بشریٰ بی بی مزار آئی تھیں جہاں انہوں نے حاضری دی اور عقیدت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی سخت سیکیورٹی میں مزار آئی تھیں اور کافی دیر وہاں ٹھہر کر دعا کی

انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی مٹھائی لے کر آئی تھیں جو مزار میں موجود عقیدت مندوں میں تقسیم کی گئی جس کے بعد وہ واپس روانہ ہوگئیں

ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بشریٰ بی بی نے چمکنی اور شہر میں 2 دیگر مزارات پر بھی حاضری دی تھی۔

بشری بی بی کے قریبی ذرائع بتاتے ہیں کہ بشریٰ بی بی پیروں اور روحانی شخصیات کی بہت عزت کرتی ہیں اور جب بھی کسی شہر جاتی ہیں وہاں مزارات پر حاضری دینا نہیں بھولتیں۔

Back to top button