ٹرمپ انتظامیہ آنے سے پاک امریکا تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا  : ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت آنے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، امریکا کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا پرانے دوست اور پارٹنر ہیں، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دی ہے، پاکستان امریکا کےساتھ مضبوط دو طرفہ تعلقات کاخواہاں ہے، پاکستان کےاندرونی معاملات میں مداخلت کےبارے میں قیاس آرائیاں غلط ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق کہ وزیر اعظم شہباز شریف 11 نومبر سے سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ریاض میں ہونےوالے او آئی سی اجلاس میں شرکت کریں گے، او آئی سی اجلاس اسلامی ممالک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقد کیا جارہا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نےکہا کہ او آئی سی کانفرنس میں غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائےگا، سمٹ کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم پاکستان او آئی سی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 12 اور 13 نومبر کو آزربائیجان کا بھی دورہ کریں گے،وزیر اعظم باکو میں کلائمیٹ چینچ کوپ 29 میں شرکت کریں گے،کوپ 29 ایسے وقت میں ہورہی ہے جب لاکھوں پاکستانیوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔

عمران خان نے ٹرمپ کی کامیابی کو اچھی پیش رفت قرار دیا : علی محمد خان

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھاکہ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا،ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کیں، وزیر اعظم شہبازشریف نےایران پر حملےکی شدید مذمت کی۔

پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے،پاکستان مسئلہ فلسطین کے 2 ریاستی حل کا حامی ہے،غزہ میں نسل کشی فوری بند کرنے کےلیے اقوام عالم اپنا کردار ادا کرے، نسل کشی کی جنگی جرائم کے تحت تحقیقات ہونی چاہیئے، فلسطین اور لبنان کے متاثرین کےلیے انسانی امداد بھجوائی ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہاکہ حریت رہنما یاسین ملک کی بھوک ہڑتال پر شدید تشویش ہے،یاسین ملک کو فوری طور پر صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں، بھارتی حکومت سے یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتےہیں۔

Back to top button