ناراض پی ٹی آئی ارکان ڈٹ گئے،کمیٹی میں پیش ہونے سے صاف انکار

تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں اختلافات برقرار،ناراض ارکان نے اسد قیصرکی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی میں پیش ہونے سے صاف انکار کردیا۔
ناراض اراکین اسمبلی کی پشاور میں اہم بیٹھک4گھنٹے تک جاری رہی، جس میں 22اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس میں شریک ایک ممبر نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کا گروپ سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں جان بوجھ کر ان کے ساتھ جوڑا جارہا ہے۔
ناراض ارکان کے اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، حکومتی کارکردگی، پارٹی معاملات اور اراکین کے تحفظات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے اختتام پر پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو باقاعدہ خط کے ذریعے صوبے میں گورننس کی خراب صورتحال، بدعنوانی کے الزامات، امن و امان کے مسائل اور عمران خان کی رہائی کے لیے مؤثر تحریک نہ چلانے جیسے معاملات سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ناراض ارکان نےواضح مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے معاملات اور تحفظات کے حوالے سے صرف بیرسٹر گوہر علی خان سے براہِ راست ملاقات اور بات چیت کریں گے اور کسی دوسری کمیٹی یا فورم کے ذریعے مذاکرات کے خواہاں نہیں ہیں۔
تحریک انصاف کے ناراض ارکان نےاس بات پر اتفاق کیا کہ پارٹی کے اندر موجود مسائل اور اختلافات کو سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔صوبائی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے بھی متعدد سوالات اور تحفظات موجود ہیں جنہیں مرکزی قیادت کے سامنے رکھا جائے گا۔
