لانگ مارچ:عمران خان کےنام پرڈالرکمانےوالے یوٹیوبرسےمالی تعاون کی اپیل

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے عمران خان کے نام پرڈالرکمانے والے یوٹیوبر،وی لاگرز سے لانگ مارچ کیلئےمالی تعاون کی اپیل کردی۔
پی ٹی آئی رہنما اور خیبر پختونخوا حکومت کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان کے نام پر وی لاگز کرنے والے یوٹیوبرز نے بڑی رقم کمائی ہے، اس لیے پارٹی کے لانگ مارچ کے لیے مالی وسائل درکار ہونے پر ان سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
شفیع جان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ جو لوگ عمران خان کے نام پر وی لاگز اور دیگر مواد بناتے ہیں، انہوں نے اسی نام پر لاکھوں ڈالر کمائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پارٹی کو لانگ مارچ کے لیے مالی وسائل کی ضرورت ہے، اس لیے ایسے یوٹیوبرز سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے عمران خان کے نام پر جو لاکھوں ڈالر کمائے ہیں، ان میں سے پارٹی کے لیے بھی مالی تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے مالی معاونت ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے عمران خان کے نام سے آمدن حاصل کرنے والے افراد سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
دوسری جانب شفیع جان کی ویڈیو کے بعد سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس تمام معاملے کا سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ یہ آمدنی عام یا تعمیری مواد سے حاصل نہیں کی جا رہی، بلکہ شہدا کی توہین، مسلح افواج کو بدنام کرنے اور اپنے ہی ملک کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنے کے عوض کمائی جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ یوٹیوبرز نے ملک اور اداروں کی تذلیل کو ایک منافع بخش تجارتی ذریعہ بنا لیا گیا ہے اور اب اسی ذرائع سے حاصل ہونے والی رقم کو مبینہ طور پر ملکی سیاسی احتجاج اور احتجاجی تحریکوں کی سہولت کاری کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان سنگین الزامات کے بعد عوامی اور فکری حلقوں میں یہ بنیادی سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ غیر ملکی ڈالرز، اوورسیز یوٹیوب نیٹ ورک، پاکستان دشمن بیانیہ اور لانگ مارچ کے مالیاتی ذرائع آخرکار کہاں جا کر آپس میں ملتے ہیں؟
