پرامن طریقے سے 20ستمبر کو اسلام آباد آئیں گے،امیرجماعت اسلامی

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کاکہناہے کہ ہم گولی اور گالی پر یقین نہیں رکھتے، پرامن اور جمہوری طریقے سے 20 ستمبر کو اسلام آباد آئیں گے اور عوام کو حق دلائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے راولپنڈی مری روڈ پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران فیصلہ کرلیں، سیدھے طریقے سے پٹرولیم لیوی ختم کرنی ہے یا پورے حکومتی بندوبست کو ملیا میٹ کرانا ہے؟
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے دوران پٹرولیم لیوی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے 25 کروڑ عوام کی توہین کی ہے۔ حکمرانوں کو فی لیٹر 130 روپے کا ’’غنڈہ ٹیکس‘‘ ختم کرنا پڑے گا اور قوم کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ لاہور، پشاور اور کراچی سمیت ملک کے 40 مقامات پر دھرنے جاری ہیں اور ہر روز مزید تین دھرنوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹینر اور ٹرک جماعت اسلامی کا راستہ نہیں روک سکتے، حکومت نے جو کرنا ہے کرلے۔ حکمران مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں تو جاری رکھیں، تاہم مذاکرات کے نام پر ڈرامہ قبول نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرولیم لیوی میں کمی کی جائے اور عوام سے سالانہ 1567 ارب روپے وصول کرنا بند کیا جائے، ایف بی آر اپنے اہداف پورے کرے اور سود کی لعنت ختم کی جائے۔
انہوں ںے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کا صوبائی محکموں کے لیے بجٹ مختص کرنے کا کوئی جواز نہیں، حکمران اپنی مراعات ختم کریں، ان اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوگا۔
