وزیر خارجہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے امریکا کے اہم دورے پر روانہ ہوں گے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار رواں ماہ امریکا کے اہم سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جس دوران وہ اقوام متحدہ کے متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
باوثوق سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسحاق ڈار کا دورہ ابتدائی طور پر 20 سے 25 جولائی تک شیڈول تھا، تاہم مصروفیات کے باعث اب یہ دورہ جولائی کے اختتام تک توسیع پا گیا ہے۔
اس دورے کا باضابطہ آغاز 21 جولائی کو اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام نیویارک میں منعقد "اعلیٰ سطحی سیاسی فورم” سے ہوگا، جو 2030 کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈے اور اس کے 17 اہداف کا جائزہ لے گا۔ یہ فورم اقوام متحدہ کے اہم پلیٹ فارموں میں شمار ہوتا ہے اور 14 سے 24 جولائی تک جاری رہے گا۔
اسحاق ڈار بطور صدر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دو "سیگنیچر اجلاسوں” کی صدارت بھی کریں گے۔ ان میں پہلا اجلاس ملٹی لیٹرل ازم کے ذریعے عالمی امن و سلامتی اور تنازعات کے پرامن حل سے متعلق ہوگا، جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس بھی خطاب کریں گے۔
پاکستان کی میزبانی میں دوسرا اہم اجلاس 24 جولائی کو ہوگا، جس میں اقوام متحدہ اور علاقائی تنظیموں، خاص طور پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے کردار پر بحث کی جائے گی۔
وزیر خارجہ اس دورے کے دوران نیویارک میں فلسطین سے متعلق ایک اہم کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے، جو پہلے 17 تا 20 جون شیڈول تھی، تاہم خطے میں ایران و اسرائیل کشیدگی کے باعث ملتوی کر دی گئی تھی۔ اب یہ کانفرنس 28 اور 29 جولائی کو ہوگی، جس میں غزہ سے متعلق مستقبل کی منصوبہ بندی پر بات چیت ہوگی۔ اس موقع پر فرانس سمیت متعدد یورپی ممالک کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کیے جانے کی پیش رفت کا امکان ہے، تاہم بعض بڑی طاقتوں کے دباؤ کے باعث رسمی اعلان موخر ہو سکتا ہے۔
پاک افغان سرحد سے دراندازی ناکام، 5 مبینہ خودکش حملہ آور گرفتار
وزیر خارجہ کے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس، جنرل اسمبلی کے صدر فائلیمن یانگ، دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ اور مستقل نمائندوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ امکان ہے کہ وہ دورے کے دوران واشنگٹن بھی جائیں گے جہاں امریکی حکام سے ملاقاتیں شیڈول کی جا رہی ہیں۔
یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے اور دونوں ممالک نایاب معدنی وسائل سمیت دیگر اہم شعبوں میں تعاون پر بات چیت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے جون 2024 میں 193 میں سے 182 ووٹ لے کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست حاصل کی تھی۔ سلامتی کونسل میں 5 مستقل اور 10 غیر مستقل ارکان شامل ہوتے ہیں، اور ہر غیر مستقل رکن کا انتخاب دو سال کے لیے کیا جاتا ہے۔ پاکستان ماضی میں سات مرتبہ اس حیثیت سے خدمات انجام دے چکا ہے،
