قلعہ عبداللہ،چیک پوسٹ پرحملہ ناکام،2جوان شہید،5دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام،2فوجی جوان شہید،2 خودکش بمبار سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ27 اور 28 جنوری 2025 کی درمیانی رات خارجی دہشت گردوں نےبلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، جس کی وجہ سے خوارج نے بارود سے بھری گاڑی چوکی کی دیوار سےٹکرا دی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 2 خودکش بمبار سمیت 5 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع ٹانک کے 39 سالہ نائیک طاہر خان اور ضلع کرک کے 26 سالہ لانس نائیک طاہر اقبال بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس گھناؤنے فعل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Back to top button