جنرل ساحرشمشادکی جی ایچ کیو آمد،فیلڈمارشل سے الوداعی ملاقات

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی  جنرل ساحر شمشاد مرزانے جنرل ہیڈ کوارٹر میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایچ جے سے الوداعی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیف آف آرمی سٹاف نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی شاندار قیادت، مثالی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اسٹریٹجک بصیرت اور پاک افواج کیلئے ان کی طویل خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فیلڈ مارشل  نے کہا کہ  جنرل ساحر کی قیادت میں تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی مضبوط ہوئی، مشترکہ آپریشنل تیاریوں میں اضافہ ہوا اور قومی سلامتی کے اسٹریٹجک اہداف کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں استحکام، عسکری سفارت کاری اور دوست ممالک کے ساتھ دفاعی روابط کو مضبوط بنانے میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے کیریئر کے دوران ملنے والے تعاون پر آرمی چیف اور پاک افواج کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

 

Back to top button