قبائل کو امن و ترقی کیلئے سکیورٹی فورسز کا ساتھ دینا ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ تمام قبائل کو صوبے میں امن و ترقی کے لیے سکیورٹی فورسز کا ساتھ دینا ہوگا۔

بلوچستان اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ضلع بلیدہ میں خواتین کے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایسے واقعات قابلِ افسوس اور ناقابلِ برداشت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام قبائل کی ذمہ داری ہے کہ وہ قیامِ امن کے لیے ریاستی اداروں کا ساتھ دیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ترقی کا راستہ امن سے ہو کر گزرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے بیکڑ میں صورتحال کافی بہتر ہے اور وہاں کے قبائل نے مل کر امن کو فروغ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی کے عوام اور قبائل نے مثالی کردار ادا کیا ہے، اور بلوچستان کے دیگر علاقوں کے لوگ بھی باہمی تعاون سے اپنے علاقوں میں امن قائم کر سکتے ہیں۔

Back to top button