باجوڑ: نامعلوم افراد کی پولیس پر فائرنگ،4 اہلکار شہید، دو زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گشت پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں چار اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق تحصیل خار کے علاقے نوے کلے میں ابابیل پولیس فورس کا اسکواڈ معمول کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تھا کہ افطاری کے وقت اچانک نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کر دی۔ اس واقعے میں چار اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ دو زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا۔

ایس ایچ او گل زادہ کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی سخت کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ امن دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Back to top button