ٹرمپ دلدل میں پھنس گئے، نہ مذاکرات کرسکتے ہیں اور نہ ہی جنگ : ایران

ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ایسی دلدل میں پھنس گئے ہیں جہاں نہ مذاکرات کرسکتے ہیں نہ جنگ،امریکا نے فوجی جنگ میں بےبسی کے باعث فضائی ناکہ بندی کا سہارا لیا۔
محسن رضائی نے کہاکہ ایران نے امریکا کو اپنی شرائط سے آگاہ کردیا، لیکن ٹرمپ فیصلہ کرنے سے قاصر ہیں۔
محسن رضائی نےکہا کہ ایران قفقاز میں امن قائم کرنے کےلیے تیار ہے تاہم امریکا کا خطے میں کوئی مستقبل نہیں اور ایران پوری قوت سے امریکا کے خلاف کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مایوسی کے عالم میں امریکی صدر ٹرمپ نے اب ایران کےخلاف فضائی ناکہ بندی کا بھی راستہ اختیار کیا ہےحالانکہ اس سے قبل کی گئی ایرانی بحری ناکہ بندی سے بھی الٹا امریکا کو ہی نقصان ہوا ہے۔
واضح رہےکہ امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی فضائی کمپنیوں کی بین الاقوامی پروازیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں جسے ایران صدر ٹرمپ کی دباؤ کی پالیسی کا حصہ قرار دےرہا ہے۔
