جی ایچ کیو حملہ کیس: شیخ رشید، شیریں مزاری و دیگردرخواست بریت خارج

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کو جنرل ہیڈ کوارٹر پر حملے کے کیس میں سابق وفاقی وزرا شیریں مزاری اور شیخ رشید سمیت دیگر ملزمان کی درخواست بریت خارج کر دی۔
ملزمان کی درخواست بریت کی سماعت راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
عدالت نے شیریں مزاری، شیخ رشید احمد، امجد خان نیازی، طاہر صادق، شکیل نیازی، واثق قیوم اور عمر تنویر بٹ کی درخواستیں خارج کیں، جبکہ گل اصغر خان کی درخواست بریت منظور کر لی گئی۔
پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیے کہ اس سٹیج پر بریت کا فیصلہ استغاثہ کی شہادت پراثرانداز ہو سکتا ہے،فیئر ٹرائل کا حق ملزم کےساتھ پراسیکیوشن کو بھی حاصل ہے۔
پبلک پراسیکیوٹرکامزید کہنا تھا کہ پراسیکیوشن کو بھی شہادت پیش کرنےکا حق دیا جائے، امجد نیازی کی سرگودھا عدالت سےبریت کے لاف راولپنڈی ہائی کورٹ بینچ میں پٹیشن دائرکردی ہے۔
پبلک پراسیکیوٹرظہیر شاہ نےدلائل جاری رکھتےہوئےکہا کہ امجد نیازی کی بریت چیلنج ہو گئی ہے،اس لیےٹرائل ہو سکتا ہے،پٹیشن کی مصدقہ نقول عدالت داخل کروا دی ہیں۔انہوں نےعدالت کو مزید بتایا کہ سرگودھا اورراولپنڈی کے مقدمات مختلف دفعات کے تحت درج ہیں،ان کے جائے وقوعہ بھی الگ ہیں،امجد نیازی کے ٹرائل پر قانونی قدغن کوئی نہیں۔
شیریں مزاری اورشیخ رشید سمیت تمام ملزمان کی درخواست بریت پربھی دلائل مکمل ہوگئے،جس کے بعد عدالت نےملزمان کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد ازاں، جی ایچ کیو حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید، طاہر صادق، شیریں مزاری، امجد نیازی، شکیل نیازی، میجر (ر)طاہر صادق، عمربٹ،واثق قیوم کی درخواست بریت خارج کر دیا۔
تاہم عدالت نے گل اصغر خان کی درخواست منظور کر لی گئی اورانہیں مقدمے سے بری کر دیا گیا۔
واضح رہےکہ 8 نومبرکوعدالت نےجی ایچ کیو پرحملہ کیس میں مقدمے میں نامزد ملزمان بشمول بانی پی ٹی آئی عمران خان،عمر ایوب، شبلی فراز،شہباز گل، مراد سعید، حماد اظہر، زلفی بخاری اورصداقت عباسی کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی تھی۔ملزمان کے بیرون ملک سفرپرپابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 28 (اے)کے تحت عائد کی گئی تھی۔
