گلگت بلتستان : کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ سے سیاح محصور، ریسکیو آپریشن جاری

گلگت بلتستان میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچادی، بابوسر ٹاپ کے قریب شدید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث درجنوں سیاح پھنس گئے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، کلاؤڈ برسٹ سے پیدا ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے علاقے میں شدید نقصان پہنچایا ہے، جہاں 14 سے 15 مقامات پر سڑکیں اور راستے مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں۔

سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر جل سے دیونگ کے درمیان بادل پھٹنے کے بعد شدید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 7 سے 8 کلومیٹر کا علاقہ شدید متاثر ہوا۔ قدرتی آفت کے باعث سڑک کے 15 سے زائد مقامات پر رکاوٹیں پیدا ہوگئیں، جس کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق، چلاس کے علاقے شاہراہ تھک بابوسر میں سیلابی ریلوں کی زد میں آکر سیاحوں کی 8 گاڑیاں بہہ گئیں۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 3 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 4 سیاحوں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے، اور 15 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے درجنوں سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر دیامر اور ایس پی دیامر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق وہ متاثرہ مقام کے وسط تک تو پہنچ گئے ہیں، لیکن پتھروں کے بڑے ڈھیر اور خراب زمینی صورت حال کی وجہ سے آگے کا علاقہ پیدل جانا بھی ممکن نہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے چلاس میں سیاحوں کےلیے عارضی قیام کا بندوبست کیا ہے، جہاں گرلز ڈگری کالج اور پولیس کی فراہم کردہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے سیاحوں کو مقامی ہوٹلوں تک پہنچایا گیا۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، بابوسر ٹاپ روڈ مکمل طور پر بند ہے، جبکہ قراقرم ہائی وے پر لال پہاڑی اور تتھا پانی کے مقامات پر 10 سے 15 گاڑیاں نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں پھنسی ہوئی ہیں۔ تھک نالہ میں 4 افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے، جن میں سے 2 کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 کو زندہ بچا لیا گیا۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں پاک فوج بھی حصہ لے رہی ہے۔

اسلام آباد،راولپنڈی میں پھربارش سے تباہی،سیدپورنالہ بپھرگیا

جب کہ وادی نیلم میں بھی کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچادی، مدین میں ایک مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا، ملبے تلے دب کر 3 بچے جاں بحق اور والدہ زخمی ہوگئیں۔ سوات میں بھی 2 بچے برساتی نالے میں بہہ کر جان کی بازی ہار گئے۔

Back to top button