گلوبل صمود فلوٹیلا : مشتاق احمد اسرائیل کی حراست میں ہیں ، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ کےلیے امداد لے کر جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل مشتاق احمد خان تاحال اسرائیلی فوج کی حراست میں ہیں اور حکومت پاکستان اپنے شہریوں کی محفوظ اور فوری واپسی کےلیے بھرپور سفارتی کوششیں کررہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں سوار پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور واپسی کےلیے عالمی شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ دوست یورپی ملک کے سفارتی ذرائع سے تصدیق ہوئی ہے کہ مشتاق احمد فلسطین پر قابض اسرائیلی فورسزکی حراست میں ہیں تاہم ذرائع سے معلوم ہوا کہ مشتاق احمد خان خیریت سے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ مقامی قانونی ضوابط کے مطابق سابق سینیٹر مشتاق احمد کو عدالت میں پیش کیا جائےگا،عدالت سے ڈی پورٹیشن آرڈرجاری ہونے کے بعد ان کی واپسی فوری بنیادوں پر ممکن بنائی جائےگی۔
ترجمان کےمطابق وزارت خارجہ نے ان افراد کی واپسی بھی ممکن بنائی جو پہلے اتر گئےتھے،پاکستان نے ان دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانی شہریوں کی واپسی میں تعاون کیا۔
ترجمان نے مزید کہاکہ حکومت پاکستان اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کےلیے پر عزم ہے،توقع ہے شہریوں کی واپسی کا عمل آئندہ چند دنوں میں مکمل ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا 31 اگست کو اسپین سے روانہ ہوا تھا اور راستے میں مختلف ممالک کی کشتیاں اس میں شامل ہوتی گئیں۔تاہم اسرائیلی بحریہ نے اسے فلسطینی سمندری حدود سے تقریباً 70 ناٹیکل میل کے فاصلےپر روک کر نشانہ بنایا تھا۔
