وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ایمل ولی کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

وفاقی حکومت کی جانب سے ایمل ولی خان کی سکیورٹی واپس لینے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اے این پی کے صدر ایمل ولی خان کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنےکی ہدایت کردی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا فراز مغل نے کہا کہ صدر عوامی نیشنل پارٹی )اے این پی ) ایمل ولی خان سے سکیورٹی واپس لینےکا فیصلہ وفاقی حکومت کا ہے تاہم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے آئی جی خیبرپختونخوا کو سکیورٹی ہر صورت برقرار رکھنے کا حکم دیاہے۔
ترجمان فراز مغل نے کہا کہ ایمل ولی خان کے خاندان کو پہلے بھی نشانہ بنایاگیا، سکیورٹی میں کمی ممکن نہیں،انسانی جان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی ایمل ولی خان کی سکیورٹی واپس لینے کے فیصلے سے اختلاف کرتےہوئے کہا کہ اگر سیاسی رہنماؤں کو سکیورٹی خدشات لاحق ہیں تو انہیں ہرممکن تحفظ دیا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ صدر اے این پی ایمل ولی نے کہا تھاکہ وفاقی حکومت نے میری اور میرے خاندان کی سکیورٹی واپس لےلی ہے،مجھے یا خاندان کے ساتھ کچھ ہوا تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی۔
