گلگت بلتستان انتخابات پر پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد بیانات مسترد کردیے

پاکستان نے گلگت بلتستان میں 7 جون کو ہونے والے الیکشن کے حوالے سے بھارت کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ بھارت کے یہ حالیہ بیانات زمینی حقائق کو مسخ کرنے اور عالمی برادری میں غلط معلومات پھیلانے کی ایک منظم اور سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہیں،جس کی پاکستان کے سفارتی حلقوں میں شدید مذمت کی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہےکہ بھارت جھوٹی کہانیوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے فروغ میں عالمی شہرت رکھتا ہے،گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعوے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی اعتراضات کا جواب دیتےہوئے واضح کیاکہ گلگت بلتستان کا انتخابی عمل اور وہاں کے انتظامی امور مکمل طور پر پاکستان کے دائرہ اختیار میں آتےہیں۔پاکستان اپنے کسی بھی خطے کے داخلی معاملات پر کسی بھی بیرونی ملک یا طاقت کی بلاجواز تنقید یا تبصرےکو ہرگز برداشت نہیں کرےگا۔
پاکستان نے یاد دلایاکہ گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ سے پاکستان کے جمہوری عمل کاحصہ رہےہیں اور ان کا اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنا ان کا آئینی حق ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کہا کہ جموں وکشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے،مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے کا طویل ترین غیرحل شدہ تنازع ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیر تنازع کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہے،کشمیریوں کو آزادانہ اور غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کا حق ملنا چاہیے۔بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں،بھارتی فورسز کو سخت قوانین کےتحت حاصل استثنیٰ تشویشناک ہے۔
گلگت بلتستان الیکشن : بلاول بھٹو کا جی بی کے نوجوانوں کےلیے نوکریوں کا اعلان
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیاکہ بھارت مقبوضہ علاقوں سے انخلا کرے، 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لے اور بین الاقوامی مبصرین،انسانی حقوق تنظیموں اور میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے۔

