پیٹرولیم لیوی میں کمی کیلئے جماعت اسلامی نےحکومت کوتجویزدیدی

جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی میں کمی کے لیے حکومت کو تجاویز پیش کردیں۔

پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت سے مذاکرات کے لیے جماعت اسلامی کا وفد وزارتِ منصوبہ بندی پہنچا جہاں دونوں کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا، دوسرا دور جمعرات کو ہوگا۔

وزارتِ منصوبہ بندی پہنچنے والے جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کی۔ وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ، نوید علی بیگ اور شاہد نعیم شامل تھے۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی ان کے ساتھ حکومتی ٹیم میں رانا ثناءاللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی شامل تھے۔

وفد کی آمد کے بعد کانفرنس روم میں دونوں جانب سے مذاکرات ہوئے، جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے تجاویز پیش کی گئی۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے جماعت اسلامی کو دعوت دی تھی اور ان سے تجاویز مانگی تھیں، حکومت کبھی نہیں چاہتی کہ عوام پر بوجھ پڑے دنیا بھر کی معیشتیں ایران جنگ سے متاثر ہوئی ہیں، بعض جگہ حکومت مجبور ہوتی ہے، جماعت اسلامی نے اپنی تجاویز ہمیں دی ہیں، ہم جماعت اسلامی کی تجاویز کا جائزہ لیں گے۔

 

Back to top button