ویمنزایشاکپ:پاکستان کی ہانگ کانگ کیخلاف بیٹنگ جاری

اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026ء میں پاکستان کی ہانگ کانگ کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔پاکستانی ٹیم نے4وکٹوں کے نقصان پر95رنزبنالئے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلےجارہے میچ میں  پاکستان ویمنز نےہانگ کانگ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیاہے۔

ہانگ کانگ کیخلاف میچ پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں رسائی کے حوالے سے انتہائی اہمیت اختیار کرگیا۔

فاطمہ ثناء کی قیادت میں قومی ٹیم نے ایونٹ کا آغاز تھائی لینڈ کے خلاف کامیابی سے کیا تھا، تاہم دوسرے میچ میں اسے روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت کے خلاف پاکستان کی پوری ٹیم صرف 55 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

بھارت کے خلاف شکست کے باوجود پاکستان گروپ اے میں 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ ہانگ کانگ اپنے دونوں میچز ہارنے کے بعد گروپ میں آخری پوزیشن پر ہے۔

پاکستان کے لیے آج کا میچ جیتنا اس لیے بھی اہم ہے کہ کامیابی کی صورت میں قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرسکتی ہے جبکہ دوسری جانب ہانگ کانگ بھی ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہوگا۔

ہانگ کانگ کو اپنے گزشتہ میچ میں بھارت کے ہاتھوں 137 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اسے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ سے 6 رنز سے شکست اٹھانی پڑی تھی۔

اے سی سی ویمنز ایشیا کپ میں 8 ٹیمیں شریک ہیں اور گروپ مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 13 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

Back to top button