حماد اظہر کی بازیابی کےلیے والدہ نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

مرکزی پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی بازیابی کےلیے ان کی والدہ نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر کی والدہ نے بیرسٹر ابوزر سلیمان خان نیازی کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں آئی جی پنجاب،سی سی پی او سمیت دیگر کو فریق بنایاگیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ دو روز قبل حماد اظہر کو ملتان سے حراست میں لیاگیا تھا لیکن انہیں تاحال کسی عدالت میں پیش نہیں کیاگیا۔
وکیل درخواست گزار نے کہاکہ حماد اظہر کو بازیاب کرواکر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے،عدالت متعلقہ حکام کو حماد اظہر کی قانون کےمطابق گرفتاری ظاہر کرنے کا حکم دے۔
دائر درخواست میں عدالت عالیہ سے حماد اظہر پر درج مقدمے کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دینے کی بھی استدعا کی گئی۔
حماد اظہر کو حراست میں لینے کے باوجود باقاعدہ گرفتاری نہ ڈالی جاسکی
واضح رہےکہ حماد اظہر پر 9 مئی اور اس کے بعد کئی مقدمات درج ہیں۔
