یومِ فضائیہ: قوم ہمیشہ پاک فضائیہ کے ہیروز کی قربانیاں یاد رکھے گی ، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ فضائیہ پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965ء کی جنگ میں دشمن کا غرور خاک میں ملایا، قوم پاک فضائیہ کے ہیروز کی بےمثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 7 ستمبر 1965ء پاک فضائیہ کی غیرمعمولی شجاعت اور بےمثال پیشہ ورانہ مہارت کا تاریخی دن ہے، جب کہ سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی شجاعت پاکستان کی فوجی تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔
محسن نقوی نے کہاکہ ایم ایم عالم نے چند لمحوں میں دشمن کے 5 طیاروں کو تباہ کرکے تاریخی کارنامہ انجام دیا،پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی فضائی سرحدوں کے پاسبان ہمہ وقت بیدار اور مستعد ہیں، جب کہ شہداء اور غازیوں نے اپنی قربانیوں سے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔
یوم پاک فضائیہ: صدر، وزیراعظم کا شاہینوں کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کا جذبہ دفاع اور حب الوطنی قابلِ تقلید ہے،یومِ فضائیہ ہمارے غازیوں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرتاہے اور قوم پاک فضائیہ کے ہیروز کی بےمثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
