بھارت کے یکطرفہ اقدامات متنازع جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے: پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارت کے بے بنیاد دعووں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے یک طرفہ اقدامات مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب تنازعات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر تنازع اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین تنازعات میں شامل ہے،جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری سے ہوناچاہیے، رائے شماری اقوام متحدہ کی نگرانی میں متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کےمطابق ہونی چاہیے۔
پاکستان دھرتی ماں ہے، جو ناقابل تقسیم ہے، باقی سب انتظامی یونٹس ہیں : خالد مقبول صدیقی
دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سرکاری نقشوں میں جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ ظاہر کیاگیا ہے،بھارت کے نام نہاد سرکاری نقشوں اور یکطرفہ خودمختاری کے دعووں کی کوئی حیثیت نہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری سے بھارتی اقدامات کا نوٹس لینےکا مطالبہ کرتےہوئے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کرے۔
ترجمان دفترخارجہ کاکہنا تھاکہ بھارت کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کےلیے اپنے وعدے پورے کرے،کشمیری عوام کا حق خودارادیت متعلقہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے۔
