حکومت اورآزادکشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کامعاہدے پر اتفاق

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے پر اصولی اتفاق رائے کرلیا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھیجی تھی، کمیٹی کے مذاکرات ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے پر اصولی اتفاق رائے کرلیا ہے، اس وقت معاہدے کے مسودے پر دونوں اطراف سے غورکیا جارہا ہے اور جلد معاہدے پردستخط ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت ایسی صورتحال سے بچ گئے ہیں جہاں پاکستان کے بد خواہ بد امنی اور عدم استحکام چاہتے تھے، یہ جیت پاکستان اورآزاد کمشیرکے عوام اورجمہوریت کی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھاکہ وزیرامورکشمیرکی نگرانی میں ایک مستقل کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی کا ہرپندرہ 15 دن میں اجلاس ہوگا، مطالبات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایاکہ مہاجرین کی نشستوں سے متعلق ایک آئینی ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، آئینی ماہرین کی کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی اور کمیٹی کے جائزے کے بعد جو فیصلہ کیا جائے گا وہ سب کو قبول ہوگا، یہ آئینی معاملہ ہے اس میں جلد بازی نہیں کی جائے گی۔

Back to top button