ورلڈ انڈر-19 والی بال چیمپئن شپ: پاکستان کی ازبکستان کو 0-3 سے شکست

ازبکستان میں جاری ورلڈ انڈر-19 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی۔
جمعے کو کھیلے گئے گروپ میچ میں پاکستان نے ازبکستان کو 0-3 (25-23، 25-18، 25-21) سے واضح برتری کے ساتھ ہرایا۔ میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو نہ صرف میزبان ٹیم بلکہ ان کے ہوم کراؤڈ کے شور کا بھی سامنا رہا، تاہم نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور اعصاب کنٹرول کے ساتھ شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان یحییٰ نے 21 اٹیک پوائنٹس سمیت مجموعی طور پر 24 پوائنٹس اسکور کیے اور نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سعود نے 10، جبکہ مہتد علی شاہ اور اجمل جنید نے 9، 9 پوائنٹس حاصل کیے۔
اے سی سی اجلاس: آج ڈھاکا میں ایشیا کپ کے مستقبل پر اہم فیصلوں کا امکان
میچ کے دوران پاکستان نے ازبکستان پر اٹیک اور بلاکس میں واضح برتری قائم رکھی۔ پاکستان نے مجموعی طور پر 45 اٹیک پوائنٹس اور 12 بلاک پوائنٹس حاصل کیے، جب کہ میزبان ٹیم صرف 28 اٹیک اور 5 بلاک پوائنٹس حاصل کر سکی۔
پاکستان اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے ایونٹ کا اگلا میچ کل ترکیے کے خلاف کھیلے گا۔
