حکومت خیبرپختونخوا کرم کے حالات پر سنجیدہ اقدامات کرے، وزیرقانون

وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑنے26 نومبرکوقانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئےکہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کرم کے حالات پر سنجیدہ اقدامات کرے۔
قومی اسمبلی کےاجلاس کےدوران وزیر قانون اور پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم صوبائی خود مختاری کو فوقیت اور عزت دیتے ہیں اورلا اینڈ آرڈر صوبائی معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک صوبہ مدد نہیں مانگتا تب تک وفاق وہاں نہیں جاتا، اس معاملےپروزیر داخلہ کو بھی ہدایت کی گئی کہ صوبےکےساتھ رابطے میں رہیں۔
وفاقی وزیر نےکہا کہ گورنرخیبرپختونخوا نے اے پی سی بلائی لیکن وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نہیں گئے، کرم کےحوالے سے گزارشات وزیراعظم اوروزیرداخلہ کے نوٹس میں لاؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سے گزارش ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مل کےآگے بڑھیں۔
اعظم نذیرتارڈنے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کرم کے حالات پر سنجیدہ اقدامات کرے،26 نومبرکوجنہوں نے قانون ہاتھ میں لیا تھا ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
