پی آئی اے کی نجکاری سے حکومت کو 55 ارب روپے حاصل ہوں گے : وفاقی وزراء

وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے حالیہ عمل میں شفافیت،قومی مفاد اور متعلقہ کمپنی کی بہتری کو اولین ترجیح دی، قومی ائیر لائن کی نجکاری سے حکومت کو 55 ارب روپے حاصل ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر نجکاری محمد علی کاکہنا تھا کہ پی آئی اے ایک زمانے میں بہت اچھی ائیر لائن تھی،اب تک پی آئی اے کے 100 طیارے ہونے چاہییے تھے،آج صرف 18 جہاز چل رہے ہیں، آپریشنل 18 میں سے 12 طیارے لیز پر ہیں، ائیر لائن سالانہ 40 لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کرتی ہے، پی آئی اے کے لینڈ روٹس سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹرانزیکشن میں حکومت کےلیے سب سے مشکل مرحلہ یہ تھاکہ ایک جانب بہتر قیمت حاصل کی جائے اور دوسری جانب یہ بھی یقینی بنایاجائے کہ نیا خریدار کمپنی میں سرمایہ کاری کرے اور اسے نظر انداز نہ کرے،حکومت کے سامنے دو بنیادی اہداف تھے اور انہی کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرانزیکشن کی سٹرکچرنگ کی گئی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا کہ قومی ائیر لائن کے ملازمین کی تعداد 6 ہزار 700 ہے اور ہفتہ وار پی آئی اے 240 راؤنڈ ٹرپس کررہی ہے، پی آئی اے کے پاس کل 33 طیارے ہیں، 20 طیارے اپنے ہیں جب کہ 13 لیز پر ہیں، 24 طیارے 2010 سے پہلے کے ہیں۔
مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کا عمل 20 سال پہلے 2005 میں شروع ہوا تھا،نجکاری سے پی آئی اے کی عظمت رفتہ رفتہ بحال ہوگی،ماضی میں بہت غلطیاں ہوئیں،نجکاری سے سرمایہ کاری آئے گی،حکومت کو نجکاری سے 10 ارب نہیں 55 ارب روپے حاصل ہوں گے، 10 ارب روپے کیش ملےگا جب کہ 45 ارب روپے کی حکومتی ایکویٹی ہوگی۔
محمد علی نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کےلیے 6 ماہ محنت کی،ماضی میں بہت سی غلطیوں کے باعث پی آئی اے کی حالت خراب ہوئی، صرف 2 طیارے 2017 کے بعد کے ہیں، پی آئی اے کے پاس ڈومیسٹک مارکیٹ شیئر 30 فیصد ہے، پی آئی اے گلوبل نہیں ریجنل ائیر لائن ہے اور اس کی زیادہ تر انٹرنیشنل فلائٹس مڈل ایسٹ کی ہیں۔
ان کاکہنا تھاکہ 2015 میں پی آئی اے کی منفی ایکویٹی 213 ارب روپے تھی، 2024 میں پی آئی اے کے نقصانات 700 ارب روپے تھے، 2015 سے ہر سال نقصان میں تھے،حکومت کو نجکاری سے 55 ارب ملےگا لیکن نقصان نہیں بھرنا پڑےگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ اللہ کا شکر ہے آخرکار پی آئی اے پرائیویٹائز ہوئی،اس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بہت اہم کردار ہے، فیلڈ مارشل نے بھی نجکاری میں ایک اہم کردار ادا کیا۔
عارف حبیب کا پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد65 کرنے کا اعلان
وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری شفاف انداز میں ہوئی، وزیراعظم کی ہدایت پر نجکاری کے عمل کو براہ راست دکھایا گیا،مفتاح اسماعیل کا شکریہ کہ انہوں نے پی آئی اے کی بڈنگ کو ایک بہترین بڈنگ قرار دیا۔
