گورنر کے پی نے وزیر اعلیٰ گنڈاپور کو ناچنے والا گھوڑا قرار دے دیا
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کو ناچنے والا گھوڑا قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے گزشتہ روز سوات میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو دھمکی دی تھی کہ وہ خیبرپختونخوا میں مزید ٹیکس نہیں لگانے دیں گے، آؤ گے پیروں پر اور جاؤ گے کندھوں پر۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناچنے والے گھوڑے میدانوں میں نہیں دوڑتے، علی امین گنڈاپور پر اپنے صوبائی وزیر کے قتل کے الزامات ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اچھا ہوا وزیراعلیٰ نے کہہ دیا کہ وہ میرے رشتے دار نہیں، کوئی اچھا کام بتا دیں جو وزیراعلیٰ نے کیا ہو، جس پر 9 مئی کے واقعات کے الزامات ہوں اس کو کون رشتے دار کہے گا۔گورنر کے پی نے کہا کہ جس پر 9 مئی کے واقعات کے الزامات ہوں اس کو کون رشتے دار کہے گا؟ اچھا ہوا وزیراعلیٰ نے خود کہہ دیا کہ وہ میرے رشتے دار نہیں، کوئی اچھا کام بتا دیں جو وزیراعلیٰ نے کیا ہو، یہ دلیل اور دلائل سے بات کریں۔گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ایسی زبان استعمال کرنا ان کی مجبوری ہے، وہ اپنی نوکری پکی کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو چیلنج کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی پسند کے چینل میں بیٹھ کر مناظرہ کرلیں۔
شہباز شریف کی مخلوط سرکار اپنا پہلا بجٹ کل پیش کرے گی
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاسی بھرتیاں ہوئیں، یونیورسٹیوں کی کارکردگی متاثر ہوئی، تمام یونیورسٹیوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی طرف جا رہا ہوں، پتا چلنا چاہیے کس نے غیر قانونی بھرتیاں کیں۔فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ میں نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھا کہ 26 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز نہیں ہیں اس پر کام کریں، 6 قائم مقام وائس چانسلرز کی تقرری کی اور وہ بھی غیر قانونی طریقے سے ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں سپریم کورٹ میں وائس چانسلر کے حوالے سے کیس میں صوبے کے وکیل نے غلط بیانی کی ہے، ابھی تک کسی بھی وائس چانسلر کی سمری میرے پاس نہیں آئی، جب بھی سمری آئے گی میں دستخط کرنے میں دیر نہیں کروں گا۔