یونان کشتی حادثہ،47پاکستانیوں کو بچالیاگیا،1جاں بحق
یونان کشتی حادثے میں47پاکستانیوں کوبچالیاگیا جبکہ ایک پاکستانی کےجاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں47 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا ہے اور اب تک ایک پاکستانی شہری کی جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سےجاری کیےگئےبیان میں بتایا گیاہےکہ یونان کشتی حادثے سے متعلق پاکستانی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یونان کشتی حادثےمیں47 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا ہے اور اب تک ایک پاکستانی شہری کی جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق کشتی پر سوار تمام لاپتا اور مرنے والے پاکستانیوں کی تصدیق نہیں ہوئی ہے،پاکستانی سفارتخانہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرنے والے حکام کےساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانےکےحکام ریسکیوہونے والے پاکستانیوں سے ملاقات کیلئےپہنچ چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالےسے دفتر خارجہ میں ایک کرائسزمینجمنٹ سیل کو فعال کردیا گیا ہے۔متاثرہ خاندان دیے گئے نمبروں پررابطہ کرسکتےہیں۔
یونان میں پاکستانی سفارتخانےنےکشتی ڈوبنےکےافسوسناک واقعےمیں پاکستانیوں کی شناخت کیلئےواٹس ایپ نمبر00306943850188 کی سہولت فراہم کردی۔
دوسری جانب،وزیراعظم کی ہدایت پریونان میں پاکستانی سفارتخانے میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے سیل پاکستانیوں کی شناخت اورورثا کی اپنےپیاروں تک رسائی یقینی بنائےگا۔
ترجمان نےکہا کہ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار تمام سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی سفارتخانےنےیونانی حکومت کےمتعلقہ اداروں کو خط بھی لکھا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف اوروزیرداخلہ محسن نقوی نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہری کی اموات پرافسوس کااظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نےکہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں متاثرہ پاکستانیوں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، معصوم شہریوں کو ورغلا کر انسانی اسمگلنگ مذموم فعل ہے، شریک عناصر کو کیفرکردارتک پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اورافسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ رفعت مختار راجا کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دےدی، کمیٹی تحقیقات کرکے 5 روز میں رپورٹ وزیرداخلہ کو پیش کرےگی۔
واضح رہے کہ یونان کے جنوبی جزیرےگاوڈوس کےقریب کشتی الٹنےکےبعد کم از کم 5 تارکین وطن ڈوب کرہلاک اور درجنوں لاپتا ہوگئےتھے، جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی بھی شامل ہے۔