حکومت ایک سال میں پراجیکٹ عمران کو لپیٹنے میں کس حد تک کامیاب رہی؟

8 فروری کو شہباز حکومت کو تشکیل پائے ایک سال بیت چکا ہے۔ اس ایک سال میں جہاں 26ویں آئینی ترمیم سمیت بہت سے اہم امور بارے قانون سازی کی گئی وہیں سیاسی گہما گہمی بھی عروج پر رہی۔ شہباز حکومت کسی حد تک تو پراجیکٹ عمران کو لپیٹنے میں کامیاب رہی تاہم اب بھی اس پراجیکٹ کی باقیات نے حکومت کی ناک میں دم کر رکھا ہے۔ گزشتہ ایک سال میں جہاں عمرانی نظام کی کمر توڑتے ہوئے حکومت چیف جسٹس کی تعیناتی کا طریقہ کار بدلنے میں کامیاب رہی وہیں سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں بھی توسیع کر دی گئی۔ گزشتہ ایک سال میں جہاں حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر دکھائی دیں وہیں حکومت عمرانڈو ججز کو قابو کرنے میں بھی کسی حد تک کامیاب نظر آئی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران بھی بانی پی ٹی آئی سمیت شرپسند یوتھیے جیلوں میں سڑتے دکھائی دئیے جبکہ جیلوں سے باہر موجود عمرانڈو فائنل کال اور احتجاج کے نام پر سڑکوں پر رلتے نظر آئے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد 16 ویں قومی اسمبلی تشکیل پائی تھی۔ تاہم چونکہ عام انتخابات میں کسی بھی جماعت کو اکثریت حاصل نہیں ہوسکی تھی، اس لئے شہباز شریف کی سربراہی میں اتحادی جکومت قائم ہوئی تھی۔ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل نے سب سے زیادہ 82، مسلم لیگ ن نے 75، پیپلز پارٹی نے 54 جبکہ ایم کیو ایم نے 17 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔کسی بڑی جماعت کو اکثریت میں نشستیں نہ ملنے کی وجہ سے مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق اور بلوچستان کی کچھ پارٹیوں نے مل کر حکومت تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 29 فروری 2024 کو منعقد ہوا، پہلے اسپیکر، پھر ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل ہوا اور پھر قومی اسمبلی نے اپنا قائد ایوان یعنی وزیراعظم پاکستان کا انتخاب کیا اور 3 مارچ 2024 کو شہباز شریف پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے تھے۔

عام انتخابات کے بعد پہلے سال میں قومی اسمبلی کے مجموعی طور پر 12 اجلاس طلب کیے گئے، قومی اسمبلی نے سب سے اہم 26 ویں آئینی ترمیم منظور کی جبکہ اس کے علاوہ 60 سے زائد بل اور 38 ایکٹ بھی منظور کیے گئے جبکہ ایک سال میں سینیٹ کے 10 اجلاس طلب کیے گئے جن میں 26ویں آئینی ترمیم کے علاوہ 55 بل منظور کیے گئے۔

عام انتخابات کے بعد سب سے اہم مرحلہ مخصوص نشستوں کی تقسیم کا تھا، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں تقسیم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف اپنی مخصوص نشستیں حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ بھی گئی،جس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی آیا لیکن ایک سال گزرنے کے بعد اب تک بھی قومی اسمبلی کی 23 مخصوص نشستیں کسی بھی جماعت کو دینے کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جن کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی نے گزشتہ سال میں مختلف اوقات میں اسلام اباد کا رخ کیا اور احتجاج اور دھرنوں کا اعلان کیا تاہم یہ عمل عمران خان کو رہائی نہ دلا سکا۔

 24 نومبر کو عمران خان کی رہائی کے لیے ایک فائنل کال دی گئی، پہلی مرتبہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے ہمراہ اسلام آباد آنے والے قافلے میں شریک تھیں، قافلہ 2 دن تک مختلف مقامات پر رکاوٹوں کو ہٹاتے ہوئے اسلام آباد ڈی چوک پہنچ گئے تاہم بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور ڈی چوک سے صرف چند میٹرز کے فاصلے پر کھڑے رہے بعد ازاں پولیس اور رینجرز کی جانب سے شیلنگ اور آپریشن کے بعد ڈی چوک کو خالی کرا دیا گیا اور علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی دھرنے کے مقام سے خیبرپختونخوا فرار ہو گئے۔اس سے پہلے بھی علی امین گنڈاپور اسلام آباد پہنچ کر خیبرپختونخوا ہائوس میں چھپ گئے تھے اور بعد ازاں وہاں سے فرار ہو گئے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات کے فوری بعد سے اس حکومت کو تسلیم نہ کرنے اور کسی بھی قسم کے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا، حکومت بھی ملاقات میں سنجیدہ نہ تھی، تاہم بعد ازاں پی ٹی آئی کے منتوں ترلوں کے بعد حکومت پی ٹی آئی سے مذاکرات پر آمادہ ہو گئی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے 22 دسمبر کو پی ٹی ائی سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں مذاکرات کے دو دور ہوئے۔کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں پی ٹی آئی نے 9 مئی اور 8 فروری کے معاملات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا جس پر حکومتی کمیٹی نے 7 روز کا وقت مانگا، تاہم چند دن گزرنے کے بعد ہی پی ٹی آئی نے مذاکرات کا بائیکاٹ کر دیا۔ جس کے بعد مذاکراتی عمل کا جنازہ نکل گیا۔

قومی اسمبلی کے پہلے سال میں بہت سی اہم قانون سازی بھی کی گئی۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ نے 6 اگست کو اپوزیشن کے شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے دوران کثرت رائے سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور کیا تھا، یہ بل انتہائی اہمیت کا حامل تھا کیونکہ اس کے ذریعے پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونا تھا۔ اس بل میں قرار دیا گیا کہ پارٹی سرٹیفکیٹ جمع نہ کرانے والا امیدوار آزاد تصور ہوگا اور کسی بھی امیدوار کی جانب سے مقررہ مدت میں ایک مرتبہ کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کا اظہار ناقابل تنسیخ ہو گا۔بل میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر کوئی سیاسی جماعت مخصوص نشستوں کی فہرست مقررہ وقت یعنی 3 روز میں جمع نہیں کراتی تو وہ پارٹی بعد میں مخصوص نشستوں کے کوٹے کی اہل نہیں ہوگی، اس کے علاوہ اگر ایک آزاد رکن ایک مرتبہ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرتا ہے تو وہ کسی اور جماعت میں شامل نہیں ہوسکتا۔

حکومت اور اتحادیوں نے 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے کئی ماہ کوششیں کیں تاہم وہ منظور نہیں ہو پا رہی تھی جس کے بعد 20 اکتوبر کو اتحادیوں اور مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن کے کچھ اراکین کی حمایت سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کر لی گئی اور آئینی بینچ کا قیام بھی عمل میں آیا۔ اس ترمیم میں جے یو آئی کی جانب سے تجویز کردہ ترمیم میں کہا گیا تھا کہ سود کو جنوری 2028 تک ملک سے مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔

آئینی ترمیم میں سپریم کورٹ سمیت اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی سے متعلق آرٹیکل 175 اے میں تبدیلی کی گئی اور قرار دیا گیا کہ سپریم جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس کے علاوہ سپریم کورٹ کے 4 سینیئر ججز اور اتنے ہی اراکین پارلیمنٹ بھی ہوں گے۔اس کے علاوہ چیف جسٹس کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی کہ سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج کو بطور چیف جسٹس تعینات کرنے کی بجائے 3 نام اس پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے اور کمیٹی ایک کو چیف جسٹس لگانے کی سفارش کرے گی۔آئینی ترمیم میں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کی مدت کو 3 سال کر دیا گیا، ترمیم میں از خود نوٹس کے اختیار سے متعلق قانون میں ترمیم کی گئی ہے اور قرار دیا گیا کہ سپریم کورٹ کسی بھی معاملے میں نہ کوئی ازخود نوٹس لے سکتی ہے اور نہ کسی ادارے کو کوئی ہدایت دے سکتی ہے۔

26ویں آئینی ترمیم کے باوجود عمرانڈو ججز قابو کیوں نہیں آ رہے ؟

قومی اسمبلی نے 5 نومبر کو فوجی سربراہان کی مدت ملازمت بڑھانے کا بل منظور کیا جس کے بعد اب آرمی چیف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت کو 3 سال سے بڑھا کر 5 سال کردیا گیا ہے۔ اسی روز سپریم کورٹ کے ججوں کے تعداد کو 17 سے بڑھا کر 34 اور ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد کو 9 سے بڑھا کر 12 کرنے کا بل بھی منظور کیا گیا۔

Back to top button