حقیقی آزادی کی جدوجہد پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا،عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ میں حقیقی آزادی کی جدوجہد پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا چاہے یہ مجھ پر کتنا ہی دباؤ بڑھائیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا پر ملنے پرمزید ردعمل دیا ہےکہ نام نہاد’بند لفافے‘کوحکومت اور تحقیقاتی ادارےکھولیں، اس میں کیا لکھا ہےعوام کو بتائیں تا کہ دودھ کادودھ اور پانی کاپانی ہوسکے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پرجاری بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ جب مقدمےکا مقصد محض پروپیگنڈا کرکےصبح شام جھوٹ بولناہو تو کوئی چیز پبلک نہیں ہو سکتی۔
پوسٹ کےمطابق عمران خان نے اڈیالہ جیل میں وکلااورمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو خواتین کو سیاست میں گھسیٹ کران کا وقار مجروح کرنا ہماری معاشرتی، اخلاقی اور مذہبی روایات کےمنافی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بشرٰی بیگم کاسیاست سےکوئی تعلق نہیں ہے، محض مجھے دباؤ میں لانےکیلئےنشانہ بنانا قابل مذمت ہے،بشرٰی بی بی نے صرف میری اہلیہ ہونے کی بدولت صعوبتیں برداشت کیں، خواتین کوسیاست میں گھسیٹ کر نشانہ بنانا اخلاقی گراوٹ کی انتہا ہے-
سابق وزیراعظم نےکہا کہ میں ایک مرتبہ پھرواضح کردوں کہ مجھ سمیت تحریک انصاف کے تمام کارکنان جیلیں کاٹنےکو یحیٰی خان پارٹ ٹو کی آمریت تسلیم کرنے پر ترجیح دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں حقیقی آزادی کی جدوجہد پرکوئی سمجھوتا نہیں کروں گا چاہےیہ مجھ پرکتنا ہی دباؤ بڑھائیں،مزید کہا کہ حمودالرحمٰن کمیشن کی رپورٹ میں واضح درج ہےکہ یحیٰی خان نےاپنی کرسی بچانے کیلئےملک دو لخت کیا۔
