آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،ٹاپ 10سےپاکستانی کھلاڑیوں کی چھٹی ہوگئی

آئی سی سی نے ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے،ٹیسٹ بیٹنگ  میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا نام ٹاپ 10 میں شامل نہیں۔

انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ ایک درجہ ترقی پا کر ایک بار پھر دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بیٹر بن گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ انگلینڈ کے ہی ہیری بروک دو درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ چوتھے اور بھارت کے شبمن گل تین درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

پاکستان کے سعود شکیل معمولی بہتری کے ساتھ 12 ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں لیکن ٹاپ 10 میں جگہ نہ بنا سکے۔

آسٹریلیا کے کیمرون گرین نے 16 درجے ترقی حاصل کر کے ٹاپ 30 میں شمولیت اختیار کر لی ہے، وہ اس وقت 30 ویں نمبر پر ہیں۔ بھارت کے رویندرا جدیجا اور کے ایل راہول نے بھی پانچ پانچ درجے بہتری کے بعد بالترتیب 34 ویں اور 35 ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔

ٹیسٹ بولنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور سرفہرست ہیں، جب کہ پاکستان کے نعمان علی نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹاپ 5 میں جگہ برقرار رکھی ہے۔ آسٹریلیا کے اسکاٹ بولینڈ 6 درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں اور ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف نے 15 درجے چھلانگ لگا کر 14 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

ٹی20 بیٹرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جب کہ بھارت کے یشسوی جیسوال ایک درجہ بہتری کے بعد دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس دو درجے تنزلی کے بعد 11 ویں اور پاکستان کے بابر اعظم اور محمد رضوان بالترتیب 12 ویں اور 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی20 بولنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی سرفہرست ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین ایک درجہ بہتری کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ سری لنکا کے وانندو ہسارانگا دو درجے نیچے جا کر چھٹے نمبر پر چلے گئے، جبکہ ان کے ہم وطن نووان تھیسارا نے 9 درجے ترقی کے بعد 16 ویں پوزیشن حاصل کی۔

بنگلا دیش کے رشاد حسین نے شاندار کارکردگی سے 12 درجے ترقی پا کر 17 ویں پوزیشن سنبھالی، جبکہ پاکستان کے حارث رؤف دو درجے نیچے آ کر اب 20 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

Back to top button