آئی جی کا وزیر اعلیٰ سے خیبرپختونخوا کو ہارڈ ایریا قرار دینے کا مطالبہ

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے خیبرپختونخوا کو ہارڈ ایریا قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس کی تنخواہ میں اضافے کا مطالبہ بھی کردیا۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی جانب سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو لکھے گئے مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کو ہارڈ ایریا قرار دےکر پولیس کی تنخواہیں بلوچستان پولیس کے برابر کی جائیں۔

ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان اندرونی اور سرحدی دہشت گردی کے خطرات کا سامنا کررہے ہیں،خیبرپختونخوا میں پولیسنگ اتنی ہی مشکل اور چیلنجنگ ہے جتنی بلوچستان میں ہے،بلوچستان کو ہارڈ ایریا قراردیا گیا ہے اور خیبرپختونخوا میں بھی خطرات زیادہ ہیں۔

مراسلے کے متن کےمطابق بلوچستان میں پولیس افسران اور اہلکاروں کو زیادہ مالی مراعات دی جاتی ہیں، خیبرپختونخوا پولیس زیادہ قربانیاں دے رہی ہے لیکن انہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم تنخواہیں ملتی ہےاور تنخواہوں میں واضح فرق پولیس میں بے چینی اور عدم اطمینان پیدا کررہا ہے۔

مراسلے کےمطابق فیصلے سے سالانہ مالی بوجھ 2 ارب 19 کروڑ 94 لاکھ 90 ہزار روپے آئےگا۔

Back to top button