عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 23 دسمبر تک توسیع

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 9 مئی کے واقعات سمیت دیگر مقدمات میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی اور دیگر پانچ کیسز کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عمران خان کی حاضری ممکن نہ ہونے کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر دلائل پیش نہ کیے جا سکے، جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ اگلی تاریخ پر عمران خان کو عدالت میں پیش کیا جائے یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنائی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی قبل از گرفتاری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے دونوں کو 23 دسمبر تک گرفتاری سے تحفظ فراہم کر دیا۔

عدالت نے تمام درخواستوں پر مزید سماعت بھی 23 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی، اقدامِ قتل اور مبینہ جعلی رسیدوں سمیت متعدد مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جب کہ بشریٰ بی بی پر بھی جعلی رسیدیں جمع کرانے کا مقدمہ درج ہے۔

Back to top button